15 نومبر 2026 - 15:39
عمار حکیم نے ایرانی عوام کی استقامت کو سراہا، علاقائی کشیدگی کے خاتمے پر زور

عراق کی قومی حکمت تحریک کے سربراہ سید عمار حکیم نے ایرانی عوام کی مزاحمت اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے خطے میں جاری کشیدگی ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ کے بجائے مفاہمت اور باہمی سمجھ بوجھ کا راستہ اختیار کرنا بہتر ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کی قومی حکمت تحریک کے سربراہ سید عمار حکیم نے بغداد میں ممتاز طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بین الاقوامی اتحاد کے مشن کے خاتمے کے بعد عراق کی صورت حال پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ عراقی معاشرے کے تمام طبقات کو اعتماد میں لینا اور اس بات پر زور دینا ضروری ہے کہ عراق سب کا ملک ہے۔

عمار حکیم نے عراق کو درپیش سکیورٹی چیلنجز اور خفیہ اطلاعاتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے حکومتی دائرہ اختیار سے باہر کسی بھی عنوان کے تحت موجود اسلحے کے مسئلے کو حل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عراق کو پڑوسی ممالک کے لیے خطرہ بننے کے کسی مرکز یا راستے میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔

عراق کی قومی حکمت تحریک کے سربراہ نے خطے میں کشیدگی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایرانی عوام کی استقامت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں پیش آنے والے واقعات کے نتیجے میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر بہت سی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق عراق بھی ان ممالک میں شامل ہے جنہیں تیل کی پیداوار اور برآمدات میں کمی کے باعث سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

عمار حکیم نے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی میں عراق کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے مقابلے میں مفاہمت بہتر ہے اور نہ جنگ، نہ امن کی کیفیت میں رہنے کے بجائے باہمی اتفاقِ رائے کی کوشش کی جانی چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha